Site icon Urduz Web Digest

Ek khat apne hi naam |urdu afsancha|

a pakistani damsel writing a leter

کیسی ہو؟ خوش ہو؟ میں جانتی ہوں تم خوش نہیں ہو مگر کیا تم جانتی ہو کہ دس سال بعد بھی تم یعنی میں خوش نہیں۔ کچھ نہیں بدلا سوائے تمہارے۔ کیسا تم میں اطمینان سا تھا بڑے سے بڑا دکھ سہہ جانے کا حوصلہ تھا تم میں۔ تم اتنی مطمئن تھیں کہ تم نے مانگا ہی نہیں کچھ اپنے لیئے۔ یہ بھول گئیں کہ تمہیں کبھی مجھ میں بھی بدلنا تھا۔تمہیں لگتا تھا سب ٹھیک ہوجائے گا ہوا بھی مگر اس میں تمہارے اپنےلیئےکیا تھا؟کبھی سوچا تھا اگلے دس سال بعد تم ایک مضطر ،متوحش ، بے سکون سی لڑکی بن جائو گی جس کو اب سب کچھ چاہیئے ہوگا۔ وہ سب کچھ جو تمہارے نزدیک اہم تھا ہی نہیں۔ تم نے جس چیز کی خواہش کی تمہیں نہ ملے گی تم نےدعائوں میں کبھی خواہش کو مانگا ہی نہیں۔کیا تم جانتی ہو جو تم نہیں مانگو گی تمہیں نہیں ملے گا۔ 

چونک گئیں نا۔ کسی ایسے ہی شانت دل کے ساتھ بڑے جذب سے دونوں ہتھیلیاں پھیلا کر مانگا تھا تم نے خدا سے۔ یا خدا میں تجھ سے سب مانگوں گی تو بس دیتا جا۔ضرورت کی چھوٹی سے چھوٹی چیز بھی اگر تو مانگنے سے خوش ہوتا ہے تو میں تجھ سے مانگوں گی۔کیسا خوش ہوئی تھیں اپنے لیئے خسارہ مانگ کے۔ اطمینان بھر گیا تھا دل میں کہ اب سب ملے گا۔ یہ بھول گئیں کہ تمہیں کیا چاہیئے یہ تم کیسے جان سکتی ہو؟ جس نے بن مانگے تمہیں نواز رکھا تھا اسے سوال کی بندش میں باندھ لیا۔ ہمارےہر لفظ کی آزمائش ہوتی ہے بھول گئی تھیں کیا؟جانتی ہو پھر کیا ہوا۔ تمہیں وہ سب ملتا گیا جو تم نے مانگا۔ اور تم نے بہت تھوڑا مانگا بہت کم مانگا۔ تمہیں شائد بہت ملتا مگر تم نے مانگا نہیں ۔ اپنے لیئے مانگا ہی نہیں تو پھر تمہیں وہ سب کیسے ملتا جو تقدیر میں لکھا تھا۔ تم جانتی ہو تم اب مجھ میں کہیں نہیں ہو۔ گو تمہیں کھو کر میں خوش نہیں  ہوں۔لیکن مجھے تم یاد آتی ہو۔ اگر تم میرے آج میں ہوتیں تو خوش ہوتیں تمہیں وہ سب مل چکا ہے جو تمہیں چاہیئے تھا۔اور میں اگر تمہارے گزرے کل میں ہوتی تو کچھ چاہتی ہی نا۔ چاہنے کی سزا مل جانے کی صورت بھی ملا کرتی ہےنا۔ یا دعا مانگتی مجھے وہ سب دے چاہےمیں مانگوں بھی نا۔وہ تو سب دے سکتا ہے۔ پر اب میں کیا مانگوں؟

تم نے اچھا نہیں کیا میرے ساتھ۔

ہو سکے تو کچھ وقت کیلئے ہی مجھے آملو۔ یا یہ دعا کردو کہ مجھے وہ پرانا اطمینان نصیب ہوجائے۔میرا آج بہت برا ہے تمہارے کل سے بھی ذیادہ۔۔

فقط

اپنی میں۔      

Rating
> » Home » Afsanay (short urdu stories) » Ek khat apne hi naam |urdu afsancha|

> » Home » Afsanay (short urdu stories) » Ek khat apne hi naam |urdu afsancha|
Exit mobile version